اسلام آباد: چائے سے شوگر اور فالج سے بچاﺅ ممکن؟ چائے یقیناً پاکستانیوں کا پسندیدہ ترین مشروب قرار دیا جاسکتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس کا استعمال آپ کو بلڈ پریشر، ذیابیطس اور فالج جیسے خطرات سے تحفظ دیتا ہے؟
یہ دعویٰ نیدرلینڈ کی ہیلتھ کونسل نے کیا ہے جس نے اپنے ملک میں روزانہ تین سے پانچ کپ چائے پینے کی تجویز بھی دی ہے۔ ڈچ ہیلتھ کونسل نے اپنی سفارشات میں کہا ہے کہ گزشتہ دس برسوں کے سائنسی مطالعوں کا جائزہ لینے سے یہ واضح ہوتا ہے کہ چائے کا استعمال صحت کے لیے بہترین ہے۔ کونسل کے بقول تین سے پانچ کپ روزانہ کا استعمال بلڈ پریشر، ذیابیطس اور فالج کے خطرات کو کم کرتا ہے۔
تاہم سفارشات میں کہا گیا ہے کہ چائے کا استعمال بغیر دودھ کے کرنا چاہئے جبکہ سبز چائے بھی صحت کے لیے مفید ہے۔ کونسل کے مطابق تین سے پانچ کپ چائے روزانہ پینے سے شریانوں کے امراض کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے جو فالج کا باعث بن سکتے ہیں۔ سفارشات کے مطابق حالیہ کئی طبی تحقیقی ررپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ چائے پینے کی عادت سے دل کی صحت پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں تاہم ہربل یا دودھ کے ساتھ اس کا استعمال طبی لحاظ سے زیادہ مفید نہیں۔ اس سے پہلے گزشتہ دنوں ایک طبی تحقیق میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ روزانہ چائے پینے کی عادت سے بڑھاپے میں ہڈیوں کے امراض سے تحفظ ملتا ہے۔
امریکن جرنل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع تحقیق کے مطابق روزانہ تین کپ چائے کے استعمال سے بڑھاپے میں ہڈیوں کے ٹوٹنے یا فریکچر کا خطرہ ایک تہائی حد تک کم ہوجاتا ہے۔ تاہم تحقیق میں بتایا تھا کہ ہڈیوں کی صحت پر اس گرم مشروب کے استعمال سے مثبت اثرات اس وقت مرتب ہوتے ہیں جب اسے دودھ کے بغیر پیا جائے۔