بیروت: لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے اپنے دو شہید رہنماؤں، سید حسن نصر اللہ اور ہاشم صفی الدین کے جنازے اور تدفین کی تاریخ کا اعلان کر دیا ہے۔ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کے مطابق دونوں رہنماؤں کی نماز جنازہ 23 فروری بروز اتوار ادا کی جائے گی۔
شیخ نعیم قاسم نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد جنگی صورتحال کے پیش نظر عوامی سطح پر جنازہ ممکن نہیں تھا، جس کے باعث انہیں عارضی طور پر دفن کیا گیا تھا، تاہم اب ایک بڑے اجتماع میں ان کی نماز جنازہ ادا کی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ حسن نصر اللہ کے ساتھ ان کے جانشین سمجھے جانے والے ہاشم صفی الدین کی نماز جنازہ بھی ہوگی۔
ان کے مطابق، حسن نصر اللہ کی تدفین بیروت میں جبکہ ہاشم صفی الدین کو ان کے آبائی علاقے دیر قانون النھر میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے 27 ستمبر کو بیروت میں حزب اللہ کے دفتر پر حملہ کرتے ہوئے حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا، جس کی اگلے روز حزب اللہ نے تصدیق کر دی تھی۔ اسی طرح، 5 اکتوبر کو بیروت کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں حزب اللہ کے نئے سربراہ ہاشم صفی الدین بھی شہید ہوگئے تھے، جس کا اعلان 23 اکتوبر کو کیا گیا تھا۔