مریدکے: پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے مریدکے میں واقع نیو والٹن ائیرپورٹ کو چھوٹے طیاروں کی پروازوں کے لیے یکم فروری سے کھول دیا ہے۔ یہ ائیرپورٹ جنرل ایوی ایشن اور فلائنگ اسکولز کے طیاروں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔
پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے اس ائیرپورٹ کے آپریشنل ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا گیا ہے۔ نیو والٹن ائیرپورٹ پر پروازیں روزانہ صبح 9 سے شام 5 بجے تک چلیں گی۔ اس ائیرپورٹ کو نجی طیارے رکھنے والے افراد بھی استعمال کر سکیں گے۔
ابتدائی طور پر، ائیرپورٹ پر پانچ ہینگرز قائم کیے گئے ہیں جو فلائنگ اسکولز کو دیے جائیں گے۔ مریدکے ایروڈروم کا قیام جنرل ایوی ایشن کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔
یہ ائیرپورٹ لاہور کے پرانے والٹن ائیرپورٹ کے ختم ہونے کے بعد مریدکے میں فلائنگ اسکولز کے شفٹ ہونے کے فیصلے کا حصہ ہے۔ اس ائیرپورٹ کی افتتاحی پروازیں یکم فروری سے شروع ہو چکی ہیں۔