ممبئی: بھارت نے انگلینڈ کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پانچویں اور آخری میچ میں 150 رنز سے شکست دے کر سیریز 4-1 سے اپنے نام کرلی۔ انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا، جو ان کے لیے انتہائی مہنگا ثابت ہوا۔
بھارت نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 247 رنز بنائے۔ بھارت کی اننگز کی خاص بات ابھیشک شرما کی شاندار بلے بازی تھی، جنہوں نے 13 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 135 رنز بنائے۔ اس اننگز کے ساتھ، ابھیشک شرما ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ انفرادی اسکور بنانے والے بھارتی بیٹر بن گئے، اور انہوں نے ٹی 20 کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ بھی قائم کیا۔
جواب میں انگلینڈ کی ٹیم صرف 97 رنز پر ڈھیر ہوگئی، اور بھارت نے میچ میں 150 رنز سے شاندار فتح حاصل کی۔ ابھیشک شرما نے اس میچ میں 2 وکٹیں بھی حاصل کیں، اور شاندار کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سیریز کے اختتام پر، ورون چکرورتی کو 14 وکٹوں کے ساتھ سیریز کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز ملا۔