اسلام آباد:اسلام آباد پولیس نے پتنگ بازوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 50 ہزار سے زائد پتنگیں قبضے میں لے کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نے پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائی کی اور بھاری تعداد میں دھاتی ڈور بھی ضبط کی۔
پولیس ترجمان کے مطابق، اسلام آباد پولیس نے ضلع بھر میں پتنگ بازی و فروشی کے خلاف مہم شروع کر رکھی ہے اور اس خونی کھیل کی روک تھام کے لیے کوئیک ریسپانس ٹیمیں متحرک ہیں۔ ترجمان نے شہریوں سے درخواست کی کہ اس مہم میں اسلام آباد پولیس کا ساتھ دیں۔
اسلام آباد پولیس نے مزید کہا کہ پتنگ بازی کے دوران قاتل ڈور کئی معصوم جانیں لے چکی ہے اور اس کھیل کو شہر میں ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔