لاہور:پاکستان ریلویز نے پچھلے مالی سال میں 88 ارب روپے کی آمدن حاصل کی ہے، اور ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ ریلویز آپریشنل منافع میں ہے، جبکہ پنشن اور تنخواہیں آپریشنل اخراجات کا حصہ نہیں سمجھی جاتیں۔
دوسری جانب، پاکستان ریلویز نے مسافروں کے لیے نئی ریفنڈ پالیسی بھی جاری کر دی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، پوائنٹ آف سیل سے خریدے گئے ٹکٹوں کے لیے ٹرین کی روانگی سے 48 گھنٹے قبل تک 90 فیصد رقم واپس کی جائے گی۔
اس پالیسی کے مطابق، ٹرین روانگی سے 24 سے 48 گھنٹے قبل 80 فیصد، 24 گھنٹے کے اندر 70 فیصد رقم واپس کی جائے گی، اور روانگی کے بعد 2 گھنٹوں کے اندر 50 فیصد ریفنڈ ملے گا۔ اگر ٹرین 6 گھنٹے یا اس سے زیادہ لیٹ ہو تو مکمل رقم واپس کی جائے گی۔
آن لائن ٹکٹوں کا ریفنڈ ٹرین کی روانگی کے بعد ممکن نہیں ہوگا، لیکن اگر ٹرین کی روانگی میں 1 گھنٹے 30 منٹ سے کم وقت باقی ہو تو 50 فیصد ریفنڈ دیا جائے گا۔
پوائنٹ آف سیل سے خریدے گئے ٹکٹوں کا ریفنڈ صرف اسی کاؤنٹر سے ممکن ہوگا، اور مسافروں کو اصل ٹکٹ اور شناختی کارڈ کی کاپی جمع کرانا ہوگی۔ آن لائن ٹکٹوں کا ریفنڈ اسی آن لائن سروس کے ذریعے کیا جائے گا جس سے ادائیگی کی گئی ہو۔