تہران: ایران نے جدید ترین بیلسٹک میزائل "اعتماد" کی رونمائی کردی، جو 1700 کلومیٹر تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس تقریب میں ایرانی صدر مسعود پیزشکیان نے بھی شرکت کی۔
ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق اس میزائل کو جدید ترین دفاعی ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے اور اسے وزارت دفاع نے تیار کیا ہے۔ مغربی ممالک ایران کے میزائل پروگرام پر مسلسل تشویش کا اظہار کرتے رہے ہیں، جبکہ ایران کا موقف ہے کہ دفاعی صلاحیتوں کا مقصد اپنی خودمختاری کا تحفظ ہے۔
تقریب میں تین مقامی طور پر تیار کردہ سیٹلائٹس بھی پیش کی گئیں، جن میں 34 کلوگرام وزنی مواصلاتی ماڈل "ناواک" اور پارس-ون اور پارس-ٹو کے جدید ورژنز شامل ہیں۔
ایران نے حال ہی میں ایک جدید کروز میزائل "غدر-380" بھی متعارف کرایا، جس کی رینج 1000 کلومیٹر سے زائد ہے اور اسے اینٹی جیمنگ ٹیکنالوجی سے لیس کیا گیا ہے۔
یہ تقریب ایران کے قومی ایرو اسپیس ڈے کے موقع پر منعقد کی گئی، جب کہ چند روز بعد اسلامی جمہوریہ ایران کے قیام کی 46 ویں سالگرہ منائی جائے گی۔