جلو پارک میں شیر کی "آزادی" کا ہنگامہ، ملازم کی حرکت سب پر بھاری

07:55 PM, 2 Feb, 2025

لاہور: جلو پارک میں تعینات ایک ملازم نے جان بوجھ کر سفید شیر کا پنجرہ کھول دیا، تاہم عملے نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے شیر کو بے ہوش کر کے دوبارہ پنجرے میں منتقل کر دیا۔

ترجمان محکمہ وائلڈ لائف پنجاب کے مطابق جیسے ہی پنجرہ کھلا، شیر باہر نکل آیا، مگر فوری طور پر اسے بے ہوش کر کے قابو پا لیا گیا۔ بعد ازاں، شیر کو دوبارہ ہوش میں لانے کے لیے انجکشن لگایا گیا۔

واقعے میں ملوث ملازم کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جبکہ محکمہ وائلڈ لائف نے اس کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا ہے۔

تحقیقات کے لیے ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر، ڈی ڈی وائلڈ لائف لاہور اور ویٹرنری آفیسر سفاری پارک پر مشتمل تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے، جو اس واقعے کی وجوہات اور محرکات کا جائزہ لے گی۔
 

مزیدخبریں