ایف آئی اے کا کریک ڈاؤن، گداگری میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائیاں جاری

07:47 PM, 2 Feb, 2025

کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے عمرہ کی آڑ میں گداگری میں ملوث 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ یہ تمام افراد سعودی عرب میں گداگری میں ملوث ہونے کے باعث ڈیپورٹ کیے گئے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار افراد میں شاہنواز، افسر علی، مجتہد حسین، محمد عادل، راحب علی، ضمیر حسین، وصید، شیراز خان، مبین علی سولنگی اور خدا بخش شامل ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ ملزمان راجن پور، کشمور، نوشہرو فیروز، لاہور، پشاور، مہمند اور لاڑکانہ سے تعلق رکھتے ہیں اور ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ تمام افراد عمرہ ویزے پر سعودی عرب گئے تھے، جہاں وہ گزشتہ کئی ماہ سے گداگری میں ملوث تھے۔

ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ملک کے تمام ایئرپورٹس پر سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کی مکمل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے تاکہ گداگری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
 

مزیدخبریں