مفت عمرہ کے نام پر فراڈ! وزیر داخلہ نے عوام کو خبردار کر دیا

مفت عمرہ کے نام پر فراڈ! وزیر داخلہ نے عوام کو خبردار کر دیا

اسلام آباد: وزیر داخلہ محسن نقوی نے عوام کو مفت عمرہ کرانے کے نام پر دھوکہ دینے والے گروہ سے محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ ایک فیملی سے منشیات سے بھرا بیگ پکڑا گیا تھا، تاہم اینٹی نارکوٹک فورس (اے این ایف) کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں یہ کیس 48 گھنٹوں میں حل کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی حکام کے تعاون سے متاثرہ خاندان کو وطن واپس لایا گیا، جس پر ہم سعودی حکومت کے شکر گزار ہیں۔

وزیر داخلہ نے بتایا کہ اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے 9 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ مفت عمرہ کرانے کی پیشکش کرنے والے دھوکے بازوں سے ہوشیار رہیں۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اے این ایف منشیات اسمگلنگ کے خلاف بہترین کام کر رہی ہے، تاہم 3 ہزار اہلکاروں کی فورس کے ساتھ اس پر مکمل قابو پانا ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے این ایف کی فورس میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں اور آنے والے دنوں میں منشیات کے خلاف کارروائیوں کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔