2025 ترقی کا سال ہوگا، مہنگائی میں مزید کمی آئے گی: وفاقی وزیر اطلاعات

2025 ترقی کا سال ہوگا، مہنگائی میں مزید کمی آئے گی: وفاقی وزیر اطلاعات

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ حکومت انتخابی مہم کے دوران کیے گئے وعدے پورے کر رہی ہے اور ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی آئی ہے، جبکہ برآمدات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس پر عالمی سطح پر پاکستان کی معاشی پالیسیوں کو سراہا جا رہا ہے۔

عطا اللہ تارڑ نے 190 ملین پاؤنڈ کیس کو ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں ملوث افراد مذہب کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر وہ رنگے ہاتھوں پکڑے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سابقہ حکومت نے صرف دولت بنانے پر توجہ دی اور کرپشن میں ملوث رہی۔ "ہم کہتے تھے کہ یہ کرپشن زدہ ہیں، اور آج ہماری بات درست ثابت ہوئی۔ اب وہ اپنے کیے کی سزا بھگت رہے ہیں،" انہوں نے دعویٰ کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2025 پاکستان کی ترقی کا سال ہوگا اور مہنگائی میں مزید کمی آئے گی۔ انہوں نے سابقہ حکومت پر عوامی پیسے کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔