اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 2025 کی پہلی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس مہم کا مقصد ملک بھر میں کروڑوں بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے حکومتی ٹیم شبانہ روز محنت کرے گی اور دیہات، شہروں، اور پہاڑوں تک پہنچ کر اس قومی ذمہ داری کو نبھائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال پولیو کے 77 کیسز رپورٹ ہوئے تھے، اور جنوری 2025 میں ایک کیس سامنے آیا۔
شہباز شریف نے پولیو ورکرز کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ کرنا ہے اور اس سلسلے میں ہمسایہ ملک افغانستان کے ساتھ بھی تعاون جاری ہے۔ اس کے علاوہ، عالمی ادارے جیسے ڈبلیو ایچ او اور یونیسف کے تعاون پر بھی وزیراعظم نے شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے بل گیٹس فاؤنڈیشن اور سعودی عرب کی حمایت کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ مشترکہ کوششوں اور مربوط حکمت عملی کے ذریعے پاکستان سے پولیو کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔