لاہور : پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جب تک فضاء صاف اور سازگار نہیں ہو جاتی، سکھ کا سانس نہیں لیں گے، کیونکہ یہ ہماری نسلوں کی بقا کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار حکومت پنجاب کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات کے سلسلے میں کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں صاف اور سرسبز پنجاب کے وژن کے تحت، صوبے میں فضائی آلودگی کے خلاف سخت نگرانی کے لیے 30 جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سٹیشنز نصب کر دیے گئے ہیں۔ ان سٹیشنز کا مقصد فضائی آلودگی کی سطح کو مانیٹر کرنا ہے، اور 31 مارچ تک مزید 30 سٹیشنز نصب کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس سے قبل ان مانیٹرز کی تعداد صرف تین تھی۔
یہ سٹیشنز لاہور سمیت دیگر بڑے شہروں جیسے فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی اور گوجرانوالہ میں بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں فضائی ڈیٹا خودکار نظام کے تحت سیٹلائٹ سے منسلک ہو کر ہر گھنٹے کی معلومات فراہم کرے گا۔ ان سٹیشنز کی مدد سے حکومت کو فوری اور درست فضائی آلودگی سے متعلق معلومات مل سکیں گی، جس سے ماحولیاتی پالیسیوں کی تیاری میں مدد ملے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ یہ جدید ایئر کوالٹی مانیٹرنگ سٹیشنز موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحول کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔