امریکا کا صومالیہ میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ، متعدد جنگجو ہلاک

11:24 AM, 2 Feb, 2025

نیوویب ڈیسک

واشنگٹن : امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر امریکی فورسز نے صومالیہ میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ دہشت گرد امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے، اور ان کو ہلاک کرنے کے لیے یہ حملہ ضروری تھا۔

رپورٹس کے مطابق، امریکی فضائی حملے کا مقصد داعش کی اعلیٰ قیادت کو نشانہ بنانا تھا، اور حملے کے دوران کسی بھی شہری کو نقصان نہیں پہنچا۔ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک پیغام میں کہا کہ امریکا نے غاروں میں چھپے دہشت گردوں کو تلاش کرکے ہلاک کیا ہے۔

صومالیہ کے صدر حسن شیخ محمد نے اس حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ امریکا نے انہیں حملے کی پیشگی اطلاع دی تھی۔ یہ حملہ داعش کے خلاف عالمی سطح پر جاری جنگ کا حصہ ہے، اور امریکا کی جانب سے دہشت گرد تنظیموں کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری رکھی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں