ٹورنٹو : امریکہ کی جانب سے چین، کینیڈا اور میکسیکو پر نئے ٹیرف عائد کرنے کے بعد کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ ٹروڈو نے اعلان کیا ہے کہ کینیڈا بھی امریکی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرے گا تاکہ امریکی اقدامات کا جواب دیا جا سکے۔
وزیراعظم ٹروڈو نے مزید کہا کہ کینیڈا اور میکسیکو اس مسئلے کے حل کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے عوام سے اپیل کی کہ وہ مقامی اشیاء خریدیں اور چھٹیاں اپنے ملک میں گزاریں تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ امریکہ نے کینیڈا اور میکسیکو سے درآمد ہونے والی اشیاء پر 25 فیصد جبکہ چین سے امریکہ بھیجی جانے والی اشیاء پر 10 فیصد ٹیرف عائد کیے ہیں، جس کے بعد عالمی تجارتی تعلقات میں کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔