لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند ، سردی لوٹ آئی

لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند ، سردی لوٹ آئی

لاہور: پنجاب کے مختلف میدانی علاقوں میں ایک بار پھر شدید دھند چھا گئی ہے جس کے باعث شہر کی فضائی صورتحال میں مزید خرابی آ گئی ہے۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے سبب موٹر وے ایم 2 لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ہے، جبکہ ایم 3 پر فیض پور سے سمندری تک داخلہ ممنوع کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح لاہور سیالکوٹ موٹر وے ایم 11 پر بھی ٹریفک کی انٹری بند کر دی گئی ہے۔

شدید دھند کے باعث کئی بڑی شاہراہیں بھی بند کر دی گئی ہیں جس کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔ حکام شہریوں کو ہدایت دے رہے ہیں کہ وہ موسم کی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی آہستہ چلائیں اور فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔

دوسری جانب لاہور میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے اور دھند کی وجہ سے ٹھنڈ واپس لوٹ آئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا کم سے کم درجہ حرارت 9 جبکہ زیادہ سے زیادہ 21 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ شہر میں ہوا کی نمی کا تناسب 100 فیصد تک جا پہنچا ہے اور ہوا کی رفتار 5 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔ آئندہ ہفتے شہر لاہور میں بارش ہونے کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

فضائی آلودگی کے حوالے سے لاہور پاکستان میں پہلے نمبر پر آ گیا ہے، جہاں سموگ کی اوسط شرح 169 ریکارڈ کی گئی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں جیسے جوہر ٹاؤن اور امریکی قونصلیٹ کے قریب ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) 296 اور 279 ریکارڈ کیا گیا ہے، جو کہ انتہائی تشویش کا باعث ہے۔

مصنف کے بارے میں