الیکشن کمیشن،سلمان اکرم راجہ کی  آزاد امیدوار قرار دینے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

12:37 PM, 2 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سلمان اکرم راجہ کی  آزاد امیدوار قرار دینے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

چیف الیکشن کمنشر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ  نے   پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار قرار دینے کے خلاف سلمان اکرم راجہ کی درخواست  پر سماعت کی۔ سلمان اکرم راجہ نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی تھی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپر پر پی ٹی آئی کا امیدوار درج کرنے کا حکم دے۔لاہور ہائیکورٹ نے انہیں الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔ 


سلمان اکرم راجہ نے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں استدعا کی تھی کہ عدالت الیکشن کمیشن کو بیلٹ پیپر پر پی ٹی آئی کا امیدوار درج کرنے کا حکم دے۔سلمان اکرم راجہ این اے 128  لاہور سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدوار ہیں۔ 

چیف الیکشن کمشنر نے استفسار کیا کہ کیا ریکارڈ پر ہے کہ پی ٹی آئی کا پی ٹی آئی نظریاتی کے ساتھ الائنس ہے؟ الیکشن کمیشن نے کسی سیاسی جماعت کو الائنس کرنے سے نہیں روکا۔

ممبر شاہ محمد جتوئی نے کہا کہ پی ٹی آئی نظریاتی کے چیئرمین نے میڈیا پر الائنس سے متعلق اظہار لاتعلقی کیا۔

 چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پی ٹی آئی امیدواروں نے پہلے پارٹی کی جانب سے ٹکٹ جمع کرایا، پی ٹی آئی کا اگر الائنس ہوا تھا تو کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت پی ٹی آئی نظریاتی کا ٹکٹ جمع کراتے۔ایک پارٹی کا ٹکٹ جمع کرواکر کسی دوسری سیاسی جماعت کا ٹکٹ جمع نہیں کرایا جاسکتا،سیاسی اتحاد کیلئے الیکشن کمیشن سے پیشگی اجازت لینا ضروری ہے۔

بعد ازاں الیکشن کمیشن نے سلمان اکرم راجہ کی خود کو آزاد امیدوار  قرار دینے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

مزیدخبریں