آزاد ارکان اکثریت میں ہوں تو اپنا وزیر اعظم بنا سکتے ہیں: چیف الیکشن کمشنر 

11:08 AM, 2 Feb, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد : چیف الیکشن کمشنر  سکندر سلطان راجہ نے کہا  ہےکہ یہ آئینی تقاضا ہے کہ آزاد ارکان انتخابات میں جیتنے کے تین دن کے اندر کسی سیاسی جماعت میں شامل ہو جائیں لیکن اگر وہ اکثریت میں ہوں تو اپنا وزیراعظم بھی بنا سکتے تھے۔

انگریزی اخبار "ایکسپریس ٹریبیون " کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امیدواروں اور ووٹرز کی سیکیورٹی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے  کہا کہ سیکیورٹی سے متعلق میٹنگ اچھی رہی، اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ عام انتخابات رواں ماہ کی 8 تاریخ کو ہی  ہوں گے اور انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں کسی بھی قسم کا ابہام  نہیں ہونا چاہیے۔

سکندر سلطان راجہ نے واضح کیا کہ غیر معمولی حالات اور حساس علاقوں میں انٹرنیٹ سروس بحال کرنا الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) کے اختیار میں نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ "سیکیورٹی ایجنسیوں کے مطابق، الیکشن کے دن ملک میں انٹرنیٹ خدمات دستیاب ہوں گی۔" اگر انٹرنیٹ سروس میں کوئی مسئلہ ہوا تو ای سی پی کا الیکشن مینجمنٹ سسٹم آف لائن کام کرے گا۔

انہوں نے بلوچستان اور  خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال کو "معمولی نہیں" قرار دیتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کوششوں کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں، اور دونوں صوبوں کے پولیس سربراہان نے امیدواروں کو مزید سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ  پی ٹی آئی بتائے کہ اسے انتخابی دفتر کہاں کھولنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ای سی پی اس علاقے میں پارٹی کے لیے دفتر کھولے گا۔ "اگر پی ٹی آئی جان بوجھ کر اپنے دفاتر نہیں کھول رہی   تو ہم کیا کر سکتے ہیں؟"

مزیدخبریں