ٹیسٹ آل راؤنڈر یاسر عرفات قومی ٹیم کے نئے باؤلنگ کوچ ہوں گے

09:01 PM, 2 Feb, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: ٹیسٹ آل راؤنڈر یاسر عرفات قومی ٹیم کے نئے باؤلنگ کوچ ہوں گے اور وہ مکی آرتھر کے اسسٹنٹ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق مکی آرتھر انگلش کاؤنٹی ڈاربی شائر کے ساتھ وابستہ ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے مستقبل میں قومی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے حوالے سے مکی آرتھر کی خدمات حاصل کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا ہے۔ 
نجم سیٹھی سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی منتخب ٹیم کے ساتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے معاملات دیکھنے اور چلانے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر کی عدم موجودگی میں یاسر عرفات قومی ٹیم کے کوچنگ سٹاف کے سربراہ کی خدمات بھی انجام دیں گے جبکہ ان کے اسسٹنٹ بھی ہوں گے۔ 
نجم سیٹھی نے مکی آرتھر جو اس وقت انگلینڈ میں موجود ہیں، ان کو اختیارات تفویض کئے ہیں کہ وہ اپنی مرضی کا کوچنگ سٹاف رکھ کر پاکستان ٹیم کی کوچنگ کے معاملات کو آگے بڑھائیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ 54 سالہ مکی آرتھر نے قومی ٹیم کے نئے باؤلنگ کوچ کیلئے 40 سال کے یاسر عرفات کا انتخاب کر لیا ہے، انہوں نے حال ہی میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے لیول فور سپیشلسٹ کوچ کی ڈگری حاصل کی ہے۔

مزیدخبریں