اسلام آباد: ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ شیخ رشید کے گھر پر کوئی بچے نہیں تھے، شیشے توڑے گئے نہ توڑ پھوڑ کی گئی، شیخ رشید نے پولیس افسران سے بد سلوکی کی اور نازیبا زبان استعمال کی۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شیخ رشید یا گھر پر موجود کسی ملازم سے ناروا سلوک نہیں کیا گیا، اسلام آباد کیپٹل پولیس منفی پروپیگنڈے کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔
ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ عدالتوں کے اندر اور باہر نظم و ضبط کا قانون کے مطابق مظاہرہ کیا جائے، شیخ رشید کو کوئی تکلیف نہیں پہنچائی گئی، شیخ رشید کی بد زبانی، ناروا سلوک کے باوجود پولیس نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔
ترجمان پولیس نے مزید کہا کہ اسلام آباد کیپٹل پولیس تمام قانونی تقاضے پورے کر رہی ہے اور پورے کرے گی، شیخ رشید کو جس حالت میں گرفتار کیا گیا اس بابت مزید کہنا تفتیش کو متاثر کرے گا۔