بہاولپور : مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف نے تیاریاں شروع کردی ہیں وہ جلد پاکستان آئیں گے۔ جب تک ان کا ٹکٹ کنفرم نہیں ہوتا اس وقت تک کچھ نہیں کہہ سکتی لیکن وہ چند ہفتے میں پاکستان میں ہوں گے۔ آئی ایم ایف نے ہمارے ہاتھ باندھ دیے ہیں ۔ چاہیں بھی تو عوام کو ریلیف نہیں دے سکتے۔
بہاولپور میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے مریم نواز نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پولیس نہتی ہے۔ پشاور میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ گھڑی چور کی حکومت خیبر پختونخوا میں 10 رہی لیکن اس نے پولیس کو مضبوط نہیں کیا۔ فنڈز سب سے زیادہ لیے لیکن لگا کچھ بھی نہیں۔کے پی کے فنڈز کو کسی اور مقصد کے لیے استعمال کیا گیا۔
مریم نواز نے کہا کہ ہمارا بیانیہ حقائق پر مبنی ہے۔ ہم کسی بے ساکھی کا سہارا نہیں لیں گے۔ لوگوں کو پتا ہے کہ آج مہنگائی ہے تو کس کی وجہ سے ہے۔ ہم صرف حقائق پر بات کریں گے۔ عمران خان کو اقتدار کی کرسی تک پہنچنے کیلئے بیساکھیوں کی ضرورت تھی۔ عمران خان نے حکومت سے نکلتے ہی تنقید شروع کردی۔