اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ تھری کا افتتاح کردیا ۔
کراچی کے ساحل پر تعمیر ہونے والے دونوں پاور پلانٹس کی مجموعی پیداواری صلاحیت 2200 میگاواٹ ہے ،پلانٹ سے بجلی کی پیداوار دیگر زرائع کے مقابلے میں سستی اور قابل اعتماد ہے۔ ایٹمی پاور پلاننٹس بغیر رکے 18 ماہ تک مسلسل پیداوار دے سکتے ہیں، بجلی کی پیداوار میں ایٹمی توانائی کا حصہ 8.1 فیصد ہے۔ کے ٹو اور کے تھری پاور پلانٹس سے بجلی کی فی یونٹ پیداوار 14 روپے ہے۔ جو قرضہ واپس ہونے کے بعد 10 روپے سے کم رہ جائے گی۔منصوبےسے 1100میگاواٹ مزید بجلی حاصل ہوگی ۔
وزیراعظم شہباز شریف کا افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ ان منصوبوں کا سنگ بنیاد نوازشریف نے رکھا تھا ، افتتاح میرے لیے بہت بڑا اعزاز ہے ، انہوں نے کہا دونوں پاور پلانٹ چین کے تعاون سے لگائے گئے ہیں ،پاکستان کو صاف اور سستی توانائی کی ضرورت ہے۔
نیوکلیئر پاور پلانٹ تھری کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت متعدد اہم رہنما نے شرکت کی ۔