بھارت کی بدنیتی ،اجمیر شریف روانگی کے منتظر پاکستانی زائرین رُل گئے

Hazrat Khwaja Gharib Nawaz Dargah, India, Pakistan India Relation

اسلام آباد:ایک طرف جہاںپاکستان سالوں سے بچھڑے بھائیوں کو ملا رہا ہے وہیں انڈین حکومت نے اجمیر شریف روانگی کے منتظر پاکستانی زائرین کو ویزے دینے سے انکارکر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی زائرین نے 3 فروری کو حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے سالانہ  عرس پر انڈیا روانہ ہونا تھا،وزیر مذہبی امور کا کہناتھا پاکستانی زائرین سے ناروا سلوک کو بھارت کے ساتھ وزارت خارجہ  کی  سطح پر اٹھایا جائیگا۔

بھارتی حکومت نے اجمیر شریف عرس پر روانگی کے منتظر پاکستانی زائرین کو ویزے دینے سے عین وقت پر انکار کر دیا، پاکستانی زائرین نے 3 فروری کو حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری کے سالانہ  عرس پر انڈیا روانہ ہونا تھا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ انڈین ایمبیسی نے ہمیں عرس پر روانگی کیلئے تیار رہنے کا کہا تھا۔

 انڈین ایمبیسی نے حسب سابق ویزوں کے اجراء سے عین وقت پر انکار کیا، اجمیر شریف کی حاضری کیلئے  ہندوستان حکومت سے جاری تمام ہدایات پر عمل کے باوجود آخری وقت پر انکار ناقابل فہم ہے، حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے مزار مقدس پر حاضری کے خواہشمند مسلمانوں کے مذہبی  جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی، پاکستانی زائرین سے اس ناروا سلوک اور رویہ کو بھارت کے ساتھ وزارت خارجہ کے سطح پر اٹھایا جائیگا۔

 پاکستان نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ہمیشہ بھارتی ہندو اور سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کیے۔ انڈیا نے کرونا کا بہانہ بنا کر عین وقت پر دونوں ملکوں کے مابین زیارت پروٹوکول کی خلاف ورزی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ  پاکستان نے گذشتہ  2 سال  سخت کرو نا پابندیوں  کے باوجود مذہبی تہوار   اور رواداری کے احترام میں ہندو اور سکھ یاتریوں کو ویزے دیے ۔ جبکہ انڈین سفارتخانے کی سستی کے باعث دور دراز علاقوں سے لاہور آنے والے سینکڑوں زائرین ذہنی اذیت کا شکار ہوئے۔