اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی سربراہی میں حکومت پاکستان نے ٹیلی نار کیساتھ ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے جس کے تحت تعلیم آباد کو پرائمری سطح کے 6 سرکاری سکولوں کو پائلٹ کیا جا رہا ہے ،اس نئے تعلیمی ماڈل کو تعلیم آباد ماڈل ورچوئل سکول بھی کہا جا سکتا ہے ۔
وزارت تعلیم کا کہنا ہے اس طرح کے پراجیکٹ لانچ کرنے کا مقصد اعلیٰ معیار کی ڈیجیٹل تعلیم ایسے طلباتک پہنچا مقصود ہے جو ان سے محروم ہیں ،انہوں نے کہا تعلیم آباد ملک کا پہلا ایوارڈ یافتہ (Ed Tech)پروگرام ہے جو سنگل نیشنل کریکولم پر مبنی ڈیجیٹل تعلیم فراہم کرتا ہے ۔
پائلٹ مرحلے پر ٹیلی نار پاکستان چھ ماڈل ورچوئل اسکولوں کو اساتذہ، طلباء اور انتظامیہ کے لیے بنیادی آئی ٹی ہارڈویئر اور ڈیجیٹل مینجمنٹ لرننگ سسٹم سے لیس کرے گا جبکہ انہیں نئے معمول سے نمٹنے کے لیے ضروری آلات اور مہارتیں فراہم کرے گا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل پاکستان اور ڈیجیٹل تعلیمی نظام اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں ہماری مدد کرنے کے لیے ایک بہت بڑا قدم ہے۔ انہوں نے اسلام آباد کے سکولوں کو ملک کے دیگر حصوں کے لیے ماڈل بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا، پائلٹ مرحلے کی کامیابی کے بعد اس اقدام کو اسلام آباد کے 400 سے زائد سکولوں تک وسعت دی جائے گی۔
اس پیشرفت پر تبصرہ کرتے ہوئے ٹیلی نار پاکستان کے چیف کارپوریٹ افیئرز آفیسر کمال احمد نے کہا، ملک بھر میں 23 ملین سے زیادہ سکول نہ جانے والے بچوں کے ساتھ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ایسے پائیدار حل متعارف کرائیں جو ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے طلبا کو اس قابل بنا سکیں کہ امتحان کے وقت وہ بالکل تیار ہوں ۔
دستخط کی تقریب میں وفاقی وزیر شفقت محمود، قومی ورثہ اور ثقافت کے SAPM شہزاد نواز، پارلیمانی سیکرٹری تعلیم محترمہ وجیہہ قمر اور ٹیلی نار پاکستان کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ مفاہمت کی یادداشت پر وزارت کے ایڈیشنل سیکرٹری محی الدین احمد وانی اور ٹیلی نار پاکستان کے چیف کارپوریٹ افیئر آفیسر کمال احمد نے دستخط کیے۔