واشنگٹن: امریکا میں الگ، الگ واقعات میں سکول اور کالج میں فائرنگ کے واقعات میں ایک طالبعلم اور 2 سیکیورٹی گارڈز ہلاک ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق فائرنگ کا پہلا واقعہ امریکی ریاست منی سوٹا کے سکول میں پیش آیا جہاں فائرنگ سے ایک طالب علم ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا جب کہ مسلح ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ اسی طرح ریاست ورجینیا کے ایک کالج میں مسلح حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کر کے کالج کے 2 محافظوں کو ہلاک کر دیا۔ سیکیورٹی گارڈز نے مسلح شخص کو کالج میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔
ورجینیا پولیس نے موقع پر پہنچ کر مسلح شخص کو گرفتار کر لیا تاہم اب تک فائرنگ کے واقعے کے پیچھے وجہ کا تعین نہیں ہوسکا ہے۔ تفتیشی عمل جاری ہے۔
امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافے کے باوجود تاحال اسلحے کی خرید و فروخت کے قانون میں سختی کے لیے کوئی پیشرفت نہیں ہو سکی ہے۔ امریکی قانون ساز حکومت پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔