کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے سلمان بٹ کی تنقید پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو آن ڈیوٹی بیچنے والا فکسر جب نیت پر بھاشن دے تو اللہ ہی حافظ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز 27 جنوری سے ہو چکا ہے جس میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی اچھی نہیں رہی جس نے اب تک اپنے تینوں میچز میں ناکامی کا سامنا کیا ہے جبکہ آخری میچ میں کپتان سرفراز احمد کے روئیے کو لے کر بھی سوشل میڈیا پر خاصی بحث کی گئی۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان سلمان بٹ نے سرفراز احمد کی کپتانی اور کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز کھلاڑیوں سے مشورہ نہیں کرتے بلکہ اپنا فیصلہ صادر کرتے ہیں ۔ انہیں چاہئے کہ وہ دوسرے کھلاڑیوں کو چھوڑیں اور اپنی کارکردگی پر توجہ مرکوز کریں۔
سلمان بٹ کی یہ تنقید سرفراز احمد سے برداشت نہ ہوئی جنہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹرپر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ’پاکستان کو آن ڈیوٹی بیچنے والا فکسر جب نیت پر بھاشن دے تو اللہ ہی حافظ ہے۔‘
دوسری جانب سابق فاسٹ باؤلر تنویر احمد نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ سلمان بٹ، محمد آصف اور محمد عامر نے فکسنگ کی اور سزا بھی بھگتی لیکن کیا اب آپ ان کو بار بار یہ یاد دلاتے رہیں گے؟ میں سلمان بٹ کی حمایت نہیں کررہا لیکن سرفراز احمد کو میدان میں اپنا رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔