دبئی :متحدہ عرب امارات میں 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو کورونا ویکسین لگانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دبئی ہیلتھ اتھارٹی نے 5 سے 11 سال کے بچوں کو فائزر کمپنی کی ویکسین لگانے کا اعلان کیا ہے۔ بچوں کے والدین دبئی ہیلتھ اتھارٹی کی ایپ یا واٹس ایپ کے ذریعے بچوں کی ویکسی نیشن کے لیے پیشگی اپائنٹمنٹ لے سکتے ہیں۔
اس سے قبل فائزربیونٹیک ویکسین 12 سے 15 سال کے بچوں کے لیے مئی 2021 سے لگائی جارہی ہے، پانچ سال اور اس سے زیادہ عمر کے بچوں کی ویکسینیشن شروع کرنے کا فیصلہ کووڈ19 کے قومی ویکسینیشن پلان اور متحدہ عرب امارات کی وزارت صحت و تدارک (ایم او ایچ اے پی) کی جانب سے جاری کردہ رہنما خطوط کے مطابق کیا گیا ہے ،محکمہ صحت کا کہنا ہے یہ اقدام عالمی سائنسی شواہد پر مبنی اور بین الاقوامی پروٹوکول کے عین مطابق ہے۔
ڈی ایچ اے نے اس بات پر زور دیا کہ شہریوں اوررہائشیوں کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے اور یہ اقدام کووڈ 19ویکسین کے ذریعے اس عمر کے گروپ تک تحفظ کو بڑھانے میں مدد کرے گا۔
5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کو ڈی ایچ اے کے جن مراکز سے ویکسین لگوائی جاسکتی ہے ان میں عود ميثاء ویکسینیشن سنٹر، الطوار ہیلتھ سنٹر، المزهر ہیلتھ سنٹر؛ ند الحمر ہیلتھ سنٹر، المنخول ہیلتھ سینٹر،البصيلي ہیلتھ سینٹر،ند الشبا ہیلتھ سینٹر،زعبيل ہیلتھ سینٹر اور البرشاء ہیلتھ سنٹر شامل ہیں۔