اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز جویریہ ظفر پر ان کے شوہر نے فائرنگ کر دی۔
جویریہ ظفر نے مبینہ طور پر شوہر کی جانب سے فائرنگ کیے جانے کے بعد حیدر علی کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا ہے۔
جویریہ ظفر نے اسلام آباد کے ویمن تھانے میں مقدمے کی درخواست دی جس میں انہوں نے مؤقف اپنایا کہ ان کا حیدر علی سے 6 ماہ پہلے نکاح ہوا تھا۔ شوہر سے معمولی جھگڑا ہوا جس پر کورٹ سے خلع لینے کا کہا تو شوہر نے مجھے اور گھر والوں کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔
جویریہ ظفر کے مطابق شوہر نے ان کے سر پر پستول تان کر فائرنگ کی جس سے وہ بچ گئیں اور گولی دیوار پر جالگی، انہوں نے بھاگ کر جان بچائی۔
پولیس نے جویریہ ظفر کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا اور کارروائی شروع کر دی تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔