واشنگٹن: انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکیوٹیو بورڈ کا اجلاس آج ہو گا جس میں پاکستان کیلئے ایک بلین ڈالر کے قرض پروگرام کی منظوری متوقع ہے جبکہ وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پیشگی شرائط پر عملدرآمد کی رپورٹ پہلے ہی بھجوائی جا چکی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی معیشت کے چھٹے جائزے کی منظوری کیلئے آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آج واشنگٹن میں ہو گا جس میں چھٹے جائزے کی حتمی منظوری کے بعد پاکستان کو ایک بلین ڈالر ملنے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ پیشگی شرائط پر عملدرآمد کی رپورٹ آئی ایم ایف کو بھجوا دی گئی ہے، عالمی مالیاتی ادارے کے کہنے پر پاکستان نے منی بجٹ کے ذریعے مختلف شعبوں کو حاصل 343 ارب روپے کی ٹیکس چھوٹ یا مراعات واپس لے لی ہیں۔
اس کے علاوہ حکومت مرکزی بینک کی خود مختاری بڑھانے کیلئے سٹیٹ بینک ترمیمی بل کی پارلیمینٹ اور سینیٹ سے بھی منظوری لے چکی ہے۔ آئی ایم ایف بورڈ آف ڈائریکٹر کی میٹنگ 12 جنوری کو ہونی تھی لیکن پاکستان میں فنانس ترمیمی بل قومی اسمبلی اور سینیٹ میں زیر بحث تھا
آئی ایم ایف نے پاکستان کی درخواست پر قرض پروگرام کا جائزہ ملتوی کردیا تھا اور فنانس ڈویژن نے باضابطہ طور پر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ ری شیڈول کرنے درخواست کی تھی۔
آئی ایم ایف اجلاس، پاکستان کیلئے ایک بلین ڈالر قرض کی منظوری کا امکان
04:52 PM, 2 Feb, 2022