کراچی: انگلینڈ کے مزید 6 کرکٹرز پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں سیزن میں شرکت کیلئے کراچی پہنچ گئے ہیں جو قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد اپنی اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پہنچنے والے کھلاڑیوں میں ہیری بروک ، فل سالٹ، ثاقب محمود، کرس جارڈن، جیمز وینس اور جیسن روئے شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق جیمز وینس قرنطینہ نہیں کریں گے جبکہ باقی پانچ انگلش کرکٹر تین روز کا قرنطینہ مکمل کرنے کے بعد اپنی ٹیموں کو جوائن کریں گے۔
یہ تمام کھلاڑی ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے اختتام کے بعد پی ایس ایل میں شرکت کیلئے کراچی پہنچے ہیں۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے منیجر اعظم خان کا کہنا ہے کہ جیمز وینس کا کراچی پہنچنے کے بعد اینٹی جین ٹیسٹ ہوا اور رپورٹ منفی آنے پر انہیں سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل کوویڈ 19 پروٹوکولز کے مطابق اگر گزشتہ ایک ماہ کے دوران کوئی کھلاڑی کورونا وائرس کا شکار ہوا تو اسے قرنطینہ مکمل کرنے کی ضرورت نہیں۔ اسی لئے جیمز وینس کو قرنطینہ کے بغیر ہی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے جو آج شام معین خان اکیڈمی میں ہونے والے پریکٹس سیشن میں بھی شریک ہوں گے۔