اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے تلوں میں تیل نہیں، ان کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی نظام، ایمرجنسی یا عدم اعتماد کا کوئی امکان نہیں، نہ ہی کسی سے ڈیل یا ڈھیل کی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کئی بار کہہ چکے اپوزیشن والے اپنا شوق پورا کر لیں، عدم اعتماد کا کسی کو شوق ہے تو پورا کرلے۔ انکا کہنا تھا کہ عمران خان کی خوش قسمتی ہے انہیں تھکی ہوئی اپوزیشن ملی، ان کے رنگ پسٹن بیٹھے ہوئے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ساڑھے 3 سال میں ایک بل ایسا نہیں جو حکومت نہ جیتی ہو ۔
شیخ رشید نے کہا کہ27 فروری اور 23 مارچ آئے گی تو دیکھ لیں گے،امن و امان کا مسئلہ ہو گا تو اسے ڈیل کیا جائے گا ۔ انہوں نے نواز شریف سے متعلق کہا کہ وہ بدقسمت ہیں، جعلی رپورٹ پر ملک سے بھاگے اور لندن میں مقیم ہیں۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کے حوالے سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے مطالبات کسی منتخب حکومت کیلئے پورے کرنا ممکن نہیں ہیں۔