لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مائیکل وان نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو دنیا کی بہترین ٹی 20 لیگز میں سے ایک قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مائیکل وان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں پی ایس ایل میں کرکٹ کے معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا کی دوسری بہترین ٹی 20 لیگ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ معیار کے مقابلے میں پی ایس ایل انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) سے زیادہ دور نہیں، پی ایس ایل میں کرکٹ کا معیار شاندار ہے۔
واضح رہے کہ 27 جنوری 2022 سے شروع ہونے والے پی ایس ایل کے سنسنی خیز مقابلے 27 فروری تک جاری رہیں گے اور ایونٹ کا فائنل میچ 27 فروری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔