کوئٹہ: قائد اعظم ریزیڈنسی زیارت پر حملے میں ملوث مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کر لیا گیا۔
کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ہرنائی کے علاقے شاہرگ میں کارروائی کے دوران قائد اعظم ریزیڈنسی زیارت پر حملہ کرنیوالا مبینہ دہشت گرد گرفتار کیا .
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار مبینہ دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے جس کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر تھی۔
یاد رہے کہ 15 جون 2013 کو دہشت گردوں نے زیارت ریزیڈنسی پر حملہ کر کے اسے آگ لگا دی تھی جس کے نتیجے میں یہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئی تھی تاہم بعدازاں حکومت پاکستان نے اسے دوبارہ اصل حالت میں بحال کیا۔
واضح رہے کہ زیارت ریذیڈنسی کی لکڑی سے تیار شدہ دو منزلہ عمارت 1892 میں تعمیر کی گئی تھی۔ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے بعد اپنی علالت کے باعث زندگی کے آخری ایام زیارت ریزیڈنسی میں گزارے جس سے اس عمارت کو مزید شہرت ملی اور بانی پاکستان کے انتقال کے بعد اس رہائش گاہ کو قائد اعظم ریزیڈنسی کے نام سے قومی ورثہ قرار دیتے ہوئے عجائب گھر میں تبدیل کر دیا گیا۔