کھلاڑیوں نے دورہ پاکستان کے حوالے سے بہت زیادہ اعتماد ظاہر کیا ہے: جوش ہیزل ووڈ

01:13 PM, 2 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

کینبرا: آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ نے کہا ہے کہ دورہ پاکستان کے حوالے سے کھلاڑیوں نے بہت زیادہ اعتماد کا اظہار کیا ہے اور اس وقت بہت چیزیں چل رہی ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق جوش ہیزل ووڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) اور آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن دورے کے حوالے سے پس پردہ بہت کام کر رہی ہیں اور کھلاڑیوں کی جانب سے بھی اس معاملے میں مثبت ردعمل ظاہر کیا گیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو یقینا کچھ نہ کچھ تحفظات ہوں گے اور اس وجہ سے اگر کچھ کھلاڑی دورہ پاکستان کیلئے سکواڈ کا حصہ نہیں بنتے تو مجھے کوئی حیرانگی نہیں ہو گی۔ میرے خیال میں یہ بہت مناسب بات ہے کہ کھلاڑی اپنے اہل خانہ سے بات چیت کرنے کے بعد فیصلہ کریں گے، اور ہمیں اس فیصلے کا احترام کرنا ہے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 3 مارچ سے کراچی میں شروع ہو گا جبکہ دیگر دو ٹیسٹ میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے میچز اور ایک ٹی 20 میچ بھی کھیلا جائے گا۔ 
یاد رہے کہ آسٹریلین کرکٹ بورڈ دورہ پاکستان کی تیاریوں کی تصدیق کر چکا ہے اور اس وجہ سے ڈیوڈ وارنر اور مچل مارش کو سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز میں شامل نہیں کیا گیا۔ دونوں کرکٹرز دورہ پاکستان کی تیاری کی وجہ سے سیریز نہیں کھیلیں گے کیونکہ پاکستان کا دورہ سری لنکا کیخلاف سیریز کے فوری بعد ہے۔ 
کرکٹ آسٹریلیا کا مزید کہنا ہے کہ آسٹریلین کوچ جسٹن لینگر اور دیگر اہم سپورٹ سٹاف بھی دورہ پاکستان کی تیاری کیلئے چھٹیاں لے گا اور ان کی غیر موجودگی میں اینڈریو میکڈونلڈ سری لنکا کیخلاف ٹی 20 سیریز میں آسٹریلوی ٹیم کے ہیڈ کوچ ہوں گے۔ 

مزیدخبریں