جسٹس عمرعطا بندیال نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

10:13 AM, 2 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد :  جسٹس عمرعطا بندیال نے چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے عہدے کا حلف اٹھالیا۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس عمر عطا بندیال نے بحیثیت چیف جسٹس آف پاکستان عہدے کا حلف ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں اٹھایا، صدرمملکت عارف علوی ان سے حلف لیا۔جسٹس عمر عطا بندیال پاکستان کے 28 ویں چیف جسٹس بن گئے۔

  
یاد رہے صدر مملکت نے جسٹس عمر عطا بندیال کو چیف جسٹس پاکستان مقرر کیا ، ان کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 175 اے کے تحت کی گئی۔

خیال رہے جسٹس عمرعطابندیال کئی اہم کیسوں میں بینچ کاحصہ رہے، عمران خان کو صادق اورامین قراردینے والےبینچ ، جہانگیر ترین کو تاحیات نااہل قرار دینے والےبینچ اور نوازشریف کوپارٹی صدارت سے نااہل قراردینے والے بینچ کا حصہ تھے۔

جسٹس عمرعطابندیال جسٹس قاضی فائزکیخلاف ریفرنس خارج کرنے والے لارجربینچ کا حصہ رہے جبکہ ڈسکہ الیکشن دھاندلی کیس، سینیٹ الیکشن سےمتعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت کی اور برطرف ملازمین کی بحالی کا فیصلہ دینے والی بینچ کے رکن بھی تھے۔


17 ستمبر 1958 کولاہورمیں پیداہونےوالےعمرعطا بندیال نے ابتدائی و ثانوی تعلیم پاکستان میں حاصل کی، پھرامریکا چلے گئے جہاں انھوں نے کولمبیا یونیورسٹی سے معاشیات میں بیچلرکیا اور کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ سے قانون کی ڈگری لینےکےبعد بیرسٹربن گئے۔

انیس سوتراسی میں بطوروکیل لاہورسےکام آغازکیااورچند برس میں سپریم کورٹ کےوکیل بن گئے، 2004 میں ان کی بطورلاہورہائیکورٹ جج تعیناتی ہوئی اور 2007 میں پی سی او کے تحت حلف لینے سے انکار پر نمایاں حیثیت ملی جبکہ 2014 میں انہیں سپریم کورٹ کا جج تعینات کیا گیا ۔

واضح رہے کہ چیف  جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال آج  2فروری 2022سے ایک سال سات ماہ 15دن کے لیے اس عہدے پرفائزرہیں گے ۔ جسٹس عمر عطا بندیال 16 ستمبر2023 تک چیف جسٹس آف پاکستان رہیں گے۔ سینیارٹی اسکیم کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ  ان کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان بنیں گے۔ جو 25 اکتوبر 2024 تک عہدے پررہیں گے۔

 چیف جسٹس گلزار احمد  کی ریٹائرمنٹ کے بعد عدلیہ کے سات سینئر ججز رواں سال ریٹائر ہو نگے۔ ان میں سپریم کورٹ کے پانچ ججز اور لاہور ہائی کورٹ کے دو ججز شامل ہوں گے۔سپریم کورٹ کے جج 65 سال کی عمر کو پہنچنے کے بعد ریٹائر ہوتے ہیں جبکہ ہائی کورٹ کے جج 62 سال کی عمر میں عہدہ سے ریٹائر ہوتے ہیں۔

رواں سال جسٹس قاضی محمد امین احمد 5 مارچ کو ریٹائر ہونگے ، 4 اپریل کوجسٹس مقبول باقر ، جسٹس مظہر عالم خان مندوخیل 13 جولائی اور جسٹس سجاد علی شاہ 13 اگست کو ریٹائر ہوں گے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار احمد نعیم 30 جون 2022 کو ریٹائر ہونگے جبکہ جسٹس چوہدری مسعود جہانگیر 2 دسمبر کو ریٹائر ہو جائیں گے۔

مزیدخبریں