شہری اب اپنا کورونا ٹیسٹ خود گھر پر کرسکیں گے

09:54 AM, 2 Feb, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد:  شہری اب اپنا کورونا ٹیسٹ خود بھی با آسانی کرسکیں گے، وزارت صحت نے  کورونا ٹیسٹنگ کٹ  کی  فارمیسی اور میڈیکل اسٹور پر  فروخت کی اجازت دیدی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیکل ڈیوائس بورڈ کے اجلاس میں کورنا ٹیسٹنگ کٹ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز پر  فروخت کرنے کی اجازت  دینے کا فیصلہ  کیا گیا ۔


اجلاس میں  کہا گیا کہ ریپڈ اینٹی جن کورونا ٹیسٹنگ سے وبا کی  تشخیص انتہائی آسانی سے کی جا سکتی ہے ، کورونا کے  انفرادی ٹیسٹ سے  وائرس کے دوسروں میں منتقلی کا خدشہ کم ہوجاتا ہے۔

دوسری جانب  پاکستان میں کورونا  کی پانچویں لہر کا زور برقرار ہے ،مزید29افراد وائرس کا شکار ہو کر جان   گنوا بیٹھے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار330ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ( این سی او سی) کے مطابق گزشتہ24  گھنٹے کے دوران ملک بھرمیں61 ہزار190کورونا ٹیسٹ کیے  گئے جن میں سے  6 ہزار47 افراد میں  وائرس کی تصدیق ہوئی، مثبت کیسز کی شرح9.88فیصد رہی۔ملک بھر میں کورونا کیسز کی  مجموعی تعداد14 لاکھ36ہزار413 ہو گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر  کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک ہزار559مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو کہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔

خیال رہے کہ  گزشتہ روز  این سی او سی نے ملک بھر میں گھر گھر خصوصی ویکسی نیشن مہم بھی شروع کرنے کا اعلان کر دیا  جس کے تحت ٹیمیں شہریوں کو گھروں تک جا کر ویکسین لگائیں گی۔ این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ گزشتہ روز پریس کانفرنس  کے دوران  ٹیموں کے ذریعے گھر گھر  جا کر کورونا کیخلاف ویکسی نیشن کی خصوصی مہم کا اعلان کیا  تاکہ مہلک وبا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

مزیدخبریں