اسلام آباد: شہری اب اپنا کورونا ٹیسٹ خود بھی با آسانی کرسکیں گے، وزارت صحت نے کورونا ٹیسٹنگ کٹ کی فارمیسی اور میڈیکل اسٹور پر فروخت کی اجازت دیدی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیکل ڈیوائس بورڈ کے اجلاس میں کورنا ٹیسٹنگ کٹ میڈیکل اسٹورز اور فارمیسیز پر فروخت کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔
اجلاس میں کہا گیا کہ ریپڈ اینٹی جن کورونا ٹیسٹنگ سے وبا کی تشخیص انتہائی آسانی سے کی جا سکتی ہے ، کورونا کے انفرادی ٹیسٹ سے وائرس کے دوسروں میں منتقلی کا خدشہ کم ہوجاتا ہے۔
دوسری جانب پاکستان میں کورونا کی پانچویں لہر کا زور برقرار ہے ،مزید29افراد وائرس کا شکار ہو کر جان گنوا بیٹھے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 29 ہزار330ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر ( این سی او سی) کے مطابق گزشتہ24 گھنٹے کے دوران ملک بھرمیں61 ہزار190کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 6 ہزار47 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی، مثبت کیسز کی شرح9.88فیصد رہی۔ملک بھر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد14 لاکھ36ہزار413 ہو گئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک میں کورونا وائرس میں مبتلا ایک ہزار559مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جو کہ آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔
Statistics 2 Feb 22:
— NFRCC (@NFRCCofficial) February 2, 2022
Total Tests in Last 24 Hours: 61,190
Positive Cases: 6047
Positivity %: 9.88%
Deaths :29
Patients on Critical Care: 1559
خیال رہے کہ گزشتہ روز این سی او سی نے ملک بھر میں گھر گھر خصوصی ویکسی نیشن مہم بھی شروع کرنے کا اعلان کر دیا جس کے تحت ٹیمیں شہریوں کو گھروں تک جا کر ویکسین لگائیں گی۔ این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے ہمراہ گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران ٹیموں کے ذریعے گھر گھر جا کر کورونا کیخلاف ویکسی نیشن کی خصوصی مہم کا اعلان کیا تاکہ مہلک وبا کے بڑھتے ہوئے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔