کراچی: نامور ٹی وی ہوسٹ اور پی ٹی آئی رہنما عامر لیاقت اپنے متنازعہ بیانات کے باعث ہمیشہ خبروں میں رہتے ہیں، آج کل بھی اپنی ناکام شادیوں کے بارے میں رائے کا اظہار کرنے کے بعد خبروں میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عامر لیاقت کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’میں اکیلا رہ گیا ہوں، طوبیٰ چلی گئی، وہ شہروز کے ساتھ چلی گئی ہے‘ ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ ٹی وی ہوسٹ کے ان الفاظ پر کسی نے انہیں مخاطب کیا اور کہا کہ ایسا نہیں ہے ، وہ شہروز کے ساتھ صرف ایک ڈرامے کے لیے ہے لیکن عامر لیاقت اپنی بات پر قائم رہے اور بولے ، ’’میں آپ کو بتا رہا ہوں کہ وہ اس کے ساتھ چلی گئی ہے‘‘۔
سوشل میڈیا صارفین کو ڈاکٹر عامر لیاقت کا اس انداز سے طوبیٰ کا ذکر کرنا بالکل پسند نہیں آیا اور وہ سمجھ بھی نہیں سکے کہ عامر لیاقت نے ایسا کیوں کہا؟ کئی صارفین نے بیان کو مزاح کے طور پر لیا تو کچھ نے ان پر تنقید بھی کی۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت نےچند روز قبل بھی جدید دور کی تعلیم یافتہ خواتین پر طلاق کے عمل کو تقویت دینے اور معاشرے میں طلاق کے بڑھتے ہوئے تناسب میں اضافے کا باعث بننے کا الزام لگایا جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں خاصی تنقید کا بھی نشانہ بنایا .
یاد رہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کی اہلیہ طوبی آج کل شہروز سبزواری کے ساتھ ایک ٹی وی ڈرامہ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں تاہم محسوس یہی ہوتاہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کو طوبیٰ کا شہروز سبزواری کے ساتھ کام کرنا پسند نہیں آیا۔