لندن ،دوسری جنگ عظیم میں برطانیہ کے لیے خدمات سرانجام دینے والے ریٹائرڈ آرمی افسر کیپٹن ٹام مور 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ٹام مور کی موت عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث ہوئی ہے۔ انہیں چند روز قبل طبیعت بگڑنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔کیپٹن ٹام مور نے کورونا وبا کے دوران این ایچ ایس کے لیے ایک کروڑ پاؤنڈز جمع کرنے کا اعلان کیا تھا۔اس مہم کے لیے انہوں نے اپنے گھر کے صحن میں سو چکر لگائے تو دنیا بھر سے لوگوں نے دل کھول کر حصہ لیا جس کے نتیجے میں وہ 33 ملین پاؤنڈز جمع کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ٹام مور کے انتقال پر برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے انتہائی رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کیپٹن سر ٹام مور سچے معنوں میں ایک ہیرو تھے۔ دوسری جنگ عظیم کے دنوں میں انہوں نے آزادی کی جنگ لڑی اور بحران کے دنوں میں ہم سب کو متحد کیا۔