جلیل شرقپوری کو کسی اور زبان میں بھی جواب دینا آتا ہے، عظمیٰ بخاری

08:11 PM, 2 Feb, 2021

لاہور: مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے جلیل شرقبوری کو کھری کھری سُناتے ہوئے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جلیل شرقپوری یا اشرف انصاری سے کس نے مشورہ مانگا ہے ۔ لوٹا ، لوٹا ہی ہوتا ہے اور اگر اپنی اوقات سے بڑھ کربات کرے تو کسی اور زبان میں بھی جواب دینا آتا ہے۔

ن لیگ کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ ان کی بولی اتنی بار لگ چکی ہے کہ اب ان کو کوئی مارکیٹ میں خریدنے کے لیے بھی تیار نہیں۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہم 5 ممبران استعفے دینے کو تیار ہیں اگر مریم نواز دیگر اراکین کے استعفے سامنے لا کر وعدے پورے کریں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل شرقپوری نے کہا کہ مریم نواز نے کہا تھا آر پار ہو جائے گا، آر پار سب نے دیکھ لیا ، استعفے دینا چاہتے ہیں تو دیں اور اپنی بات سچ ثابت کریں۔ رانا ثنا اللہ کیوں صحیح بات کرنے کی جرات نہیں کرتے ، عوام نے ن لیگ کے بیانیے کو سپورٹ نہیں کیا ، مسلم لیگ ن کی قیادت عوام اور ملک کا نقصان کر رہی ہے۔

ناراض رہنما نے کہا کہ ن لیگ ایک طرف استعفے دوسری طرف سینیٹ الیکشن کی بات کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مولانا سینیٹر بن کر آ جاتے ہیں تو پھر سب حلال ہو جائے گا ، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان شاید تھک چکے ہیں۔

جلیل شرقپوری نے کہا کہ نواز شریف سچے ہیں تو عدالتوں کا سامنا کریں ، یہ بری بات نہیں ، نواز شریف سے ناانصافی ہو رہی ہے تو میدان میں رہیں۔ نواز شریف نہیں آتے تو ہم سمجھتے ہیں دال میں کچھ کالا ہے ۔ پی ڈی ایم کی جانب سے ریلی نکالنے سے ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلے گا جو سب کے لیے نقصان دہ ہے۔

مزیدخبریں