واشنگٹن،امریکا میں متحدہ عرب امارات کے سفیر یوسف العتیبہ نے امید ظاہر کی ہے کہ نئی امریکی حکومت ٹرمپ کے دور کے اسلحہ خریدنے سے متعلق معاہدے کا جائزہ لیکر ایف-35 جیٹ طیاروں کی فراہمی کو ممکن بنائے گی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے امریکا میں سفیر یوسف العتیبہ کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے دور کے آخری روز 23 بلین ڈالر کے معاہدے میں 50 اسٹیلتھ ایف -35 جنگجوؤں ، 18 مسلح ڈرون ، اور دیگر دفاعی سازوسامان خریدنے کا معاہدہ کیا تھا تاہم نئی امریکی حکومت نے کہا ہے کہ اس معاہدے کا پھر سے جائزہ لیں گے۔
یوسف العتیبہ نے امید ظاہر کی کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی نئی انتظامیہ جائزے کے بعد معاہدے کو بحال رکھے گی اور متحدہ عرب امارات کو F-35 جیٹ طیاروں سمیت معاہدے کے تحت دیگر اسلحے کی فراہمی شروع ہوجائے گی۔
سابق امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے دور کے آخری روز متحدہ عرب امارات کو اسلحے کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کردیئے تھے تاہم پچھلے ماہ ایک امریکی عہدیدار نے واضح کیا تھا کہ نئی حکومت اتحادیوں کے ساتھ اسلحے کی فروخت کے معاہدوں کا جائزہ لیں گے۔