مریم نواز دیگر اراکین کے استعفے سامنے لا کر وعدہ پورا کریں: جلیل شرقپوری

03:49 PM, 2 Feb, 2021

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنماؤں نے کہا ہے کہ ہم 5 ممبران استعفے دینے کو تیار ہیں ، مریم نواز دیگر اراکین کے استعفے سامنے لا کر وعدے پورے کریں۔

تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے جلیل شرقپوری نے کہا کہ مریم نواز نے کہا تھا آر پار ہو جائے گا، آر پار سب نے دیکھ لیا ، استعفے دینا چاہتے ہیں تو دیں اور اپنی بات سچ ثابت کریں۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کیوں صحیح بات کرنے کی جرات نہیں کرتے ، عوام نے ن لیگ کے بیانیے کو سپورٹ نہیں کیا ، مسلم لیگ ن کی قیادت عوام اور ملک کا نقصان کر رہی ہے۔

ناراض رہنما نے کہا کہ ن لیگ ایک طرف استعفے دوسری طرف سینیٹ الیکشن کی بات کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ مولانا سینیٹر بن کر آ جاتے ہیں تو پھر سب حلال ہو جائے گا ، مریم نواز اور مولانا فضل الرحمان شاید تھک چکے ہیں۔

جلیل شرقپوری نے کہا کہ نواز شریف سچے ہیں تو عدالتوں کا سامنا کریں ، یہ بری بات نہیں ، نواز شریف سے ناانصافی ہو رہی ہے تو میدان میں رہیں۔ نواز شریف نہیں آتے تو ہم سمجھتے ہیں دال میں کچھ کالا ہے ۔

ناراض لیگی رہنما نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جانب سے ریلی نکالنے سے ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلے گا جو سب کے لیے نقصان دہ ہے۔

مزیدخبریں