لاہور : پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے حکومت کیخلاف دی گئی ڈیڈلائن 31 جنوری بھی گزر گئی لیکن نہ تو کوئی لانگ مارچ ہو ا اور نہ اسلام آباد میں دھرنا دینے کا کوئی منصوبہ سامنے آیا ،مریم نواز نے لانگ مارچ اور دھرنا دینے پلان میں پیپلزپارٹی کی طرف سے حائل کی گئی رکاوٹ سے متعلق پہلی دفعہ اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو کو تحریک عدم اعتماد لانے کیلئے ابھی مزید تجاویز دینا ہونگی ،بلاول کو بتا نا ہو گا کہ انہوں نے تحریک عدم اعتماد پر کیا ورکنگ کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حق اور سچ بات بولنا تنقید برائے تنقید نہیں ہوتا ،اگر دیکھا جائے تو پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے لانگ مارچ اور دھرنا دینے میں رکاوٹ اس وقت پیپلزپارٹی کی طرف سے پیش کی جانے والی تجویز تحریک عدم اعتماد ہی ہے ،اگر پیپلزپارٹی کی طرف سے تحریک عدم اعتماد کی کوئی تجویز سامنے نہ آتی تو یقینا اس وقت دھرنا یا لانگ مارچ سے متعلق کوئی بڑی بریکنگ نیوز ضرور موجود ہوتی ۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سے متعلق بلاول تجاویز دیں گے تو غور ہو گا۔ بلاول سے پوچھا جائے گا کہ کیا دلیل ہے اور کیا ورکنگ کی ہے ؟ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے متعلق بھی چہ مگوئیاں کی گئیں۔ جبکہ تحریک عدم اعتماد کی بات سب سے پہلے پیپلز پارٹی کی جانب سے کی گئی تھی۔ سیاسی حلقوں میں وفاق اور پنجاب میں تبدیلیوں کے لیے کوششوں کی چہ مگوئیاں تاحال ہو رہی ہیں جبکہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد لانے کی بھی بات کی جا رہی ہے جس نے سیاسی حلقوں میں مختلف نوعیت کی بحث کو جنم دے دیا ہے۔