ترکی میں ہولناک زلزلے کا خطرہ، ماہرین نے الرٹ جاری کردیا

11:00 AM, 2 Feb, 2021

 استنبول: (ویب ڈیسک) ترکی میں شدید زلزلے کا خطرہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ ماہرین ارضیات نے حکومت کو الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ بوسیدہ عمارتوں کو خالی کر دیا جائے ورنہ بڑا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے۔

ذہن میں رہے کہ ترکی کا تاریخی شہر استنبول زلزلوں کی فالٹ لائن پر موجود ہیں جن میں گزشتہ کچھ عرصے میں بہت زیادہ تبدیلیاں دیکھی جا رہی ہیں۔ ماہرین ارضیات روزانہ کی بنیاد پر اسے چیک کر رہے ہیں۔ ان تبدیلیوں کی وجہ سے ہی انہوں نے حکام کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا ہے۔

ترک میڈٰیا کے مطابق ارضیات کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر فالٹ لائن میں یہ تبدیلیاں جاری رہیں تو اس سے شدید ترین زلزلہ آ سکتا ہے جس کی ریکٹر سکیل پر شدت سات اعشاریہ دو ہو سکتی ہے۔

اس کے علاوہ استنبول کے ساحلی علاقے کو بھی اس زلزلے کیلئے سب سے خطرناک زون قرار دیا گیا ہے۔

ایک اندازے کے مطابق استنبول کی آبادی ڈیڑھ کروڑ سے زائد ہے۔ ماہرین ارضیات کی جانب سے حاصل کئے گئے ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ شہر میں موجود ہزاروں عمارتوں کی حالت انتہائی مخدوش ہے۔ اگر خدانخواستہ زلزلہ آیا تو معاشی نقصان کیساتھ ساتھ انسانی جانوں کا بھی نقصان ہو سکتا ہے، اس لئے حکومت کو چاہیے کہ وہ ان عمارتوں کو خالی کروا کر اس میں موجود لوگوں کی رہائشی کا بندوبست کرے اور زلزلہ پروف عمارتوں کی تعمیر کی جائے۔

مزیدخبریں