اسلام آباد: خدمت خلق فاونڈیشن کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا۔ ایف آئی اے نے کے کے ایف کی 48 گاڑیوں کو مشکوک قرار دے دیا اور تمام گاڑیوں کی تفصیلات محکمہ ایکسائز سے طلب کر لیں۔
ایم کیو ایم بانی اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ سکینڈل میں اہم پیشرفت ہوئی۔ ایف آئی اے نے کے کے ایف کی 48 گاڑیوں کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تمام گاڑیوں کی جانچ پڑتال شروع کر دی۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے کاونٹر ٹیررازم ونگ نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن سندھ کو خط لکھ کر گاڑیوں کی تمام تفصیلات مانگ لیں۔ ایف آئی اے کی جانب سے 48 گاڑیوں کے نمبرز بھی فراہم کر دیئے گئے جن کی تصدیق شدہ دستاویزات طلب کی گئیں ہیں۔
خدمت خلق فاونڈیشن کے زیر استعمال 48 گاڑیوں کی خریدو فروخت پر پابندی کی سفارش بھی کر دی۔ خط میں کہا گیا ہے کہ زیر تفتیش گاڑیوں کی دستاویزات میں ردوبدل کے ذمہ دار پر جرمانہ اور سزا ہو سکتی ہے۔ ایف آئی اے تفتیشی افسر نے خط کی نقول انسداد دہشت گردی عدالت میں بھی جمع کرا دی۔