واشنگٹن: امریکا اور روس کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو گیا۔ امریکا نے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورس ٹریٹی معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ امریکا نے انٹرمیڈیٹ رینج نیوکلیئر فورس ٹریٹی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے روس کو کافی وقت دیا تاہم روس کئی سالوں سے معاہدے کی شرائط کی خلاف ورزی کر رہا تھا۔
امریکی وزیر خارجہ نے سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکا کی جانب سے روس کو معاہدے پر عمل درآمد کرنے کے لیے 180 دن کی مہلت دی گئی ہے۔ عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں امریکا روس کے ساتھ طے پانے والا معاہدہ ختم کر دے گا۔
خیال رہے کہ روس اور امریکا کے درمیان ہتھیاروں کی دوڑ روکنے کیلئے 1987ء میں معاہدہ ہوا تھا۔ امریکا اور سابق سویت یونین نے درمیانی فاصلے سے تک مار کرنے والے ایٹمی میزائلوں میں کمی کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ تاہم صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی معاہدوں سے امریکا کو باہر نکالنے کی پالیسی کے تحت روس پر آئی این ایف معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے اس سے نکلنے کا اعلان کیا تھا۔