نواز شریف جلد الطاف کی طرح غائب ہونے والے ہیں: خرم نواز گنڈا پور

07:58 PM, 2 Feb, 2018


اسلام آبادپاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ فوجی آمر کی پیداوار نواز شریف کی آمروں پر تنقید محسن کشی کی انتہا ہے،نواز شریف سیاست سے آؤٹ ہوئے، جلد الطاف کی طرح یوٹیوب سے بھی غائب ہونگے۔حکومت برطانیہ کو ٹیکس دینے والا شریف خاندان سیاست بھی برطانیہ جا کرکرے۔ جس شخص نے زندگی میں کبھی ایک کتاب نہیں پڑھی آج کل شیخ مجیب اور حمود الرحمن کمیشن کی رپورٹ کا حوالہ دے کر تاریخ کا استاد بنا ہوا ہے۔ ’’جنہوں نے قوم کو نواز شریف کا درد دیا دوا بھی وہی دیں‘‘


سابق وزیر اعظم کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماضی کے 3 وزرائے اعظم،2 صدور کے خلاف نواز شریف نے ایک سازشی آلہ کار کا کردار ادا کیا ، ذوالفقار علی بھٹو شہید کے درد میں کراہنے والے نواز شریف نے انہیں ملک توڑنے کا ذمہ دار قرار دے کر پنجاب میں جنرل ضیاء الحق سے بطور وزیر خزانہ نامزدگی کا انعام حاصل کیااور ان کی آنکھ کے تارے اور ویژن کے سہارے بنے،90 ء کے الیکشن میں انتخابی مہم میں ذوالفقار علی بھٹو کی قبر کا ٹرائل کیا اور آج انہیں ذوالفقار علی بھٹو یاد آگیا۔


خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف کا کردار معصوم زینب کے قاتل سے کسی طور مختلف نہیں ہے، جس طرح قاتل عمران علی قتل کرنے کے بعد لواحقین سے مل کر قاتل ڈھونڈتا رہا اسی طرح پاکستان کی سیاست میں ہر برائی کو داخل کرنے والے نواز شریف آج انہی برائیوں کے خلاف وا ویلا کررہے ہیں۔نواز شریف کو جنرل ضیاء الحق بیٹا نہ بناتے تو وہ کونسلر منتخب ہونے کے بھی اہل نہیں تھے ۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نیوز لیکس اور ختم نبوت کے قانون پر حملہ کے منصوبہ ساز ہیں، یہی نواز شریف سانحہ ماڈل ٹاؤن اور سپریم کورٹ پر حملہ کے بھی ماسٹر مائنڈ ہیں۔

مزیدخبریں