اسلام آباد:طلال چوہدری کے بعد سپریم کورٹ نے وفاقی وزیر برائے نجکاری دانیال عزیز کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق توہین عدالت پر نہال ہاشمی کو سزا دینے کے بعد سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کو نوٹس جاری کرتے ہوئے طلب کیا تھا اور اب چیف جسٹس ثاقب نثار نے دانیال عزیز کے بیانات کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر کو 7 فروری کو پیش ہونے کا حکم دیدیا ہے۔
قبل ازیں وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے توہین عدالت کے معاملہ پر چیف جسٹس نے ازخود نوٹس کی سماعت کیلئے بنچ تشکیل دیدیا ہے اور 3 رکنی بنچ کی سربراہی جسٹس اعجاز افضل کریں گے جبکہ دیگر دو ارکان میں جسٹس مقبول باقر اور جسٹس فیصل عرب شامل ہیں۔
خیال رہے کہ توہین عدالت کے جرم میں نہال ہاشمی کو سپریم کورٹ کی جانب سے ایک ماہ قید ،50 ہزار جرمانہ اور پانچ سال کیلئے نااہلی کی سزادی گئی تھی۔