ریاض:کرپشن کیس میں حراست میں کیے جانے سے لیکر رہائی کے بعد تک بھی سعودی شہزادہ ولید بن طلال خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں ۔انہوں نے رہائی کے بعد سعودی عرب کے معروف صحافی العرجفج سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سبزیاں بہت پسندہیں اور تم بھی سبزیاں کھایا کر و۔اور ہفتے میں دو دن روزہ رکھا کرو۔
شہزادہ ولید بن طلال نے اپنی زندگی کے انتہائی اہم پہلو سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ میں ایک لمبے عرصے سے ہفتے میں پیر اور جمعرات کا روزہ رکھتا ہوں ۔ اور اللہ کی قربت کے لیے دوسروں کو بھی ہفتے میں دو دن روزہ رکھنا چاہیے ۔شہزادہ ولید بن طلال نے واضح کیا ہے کہ حکومت کے ساتھ انکے تعلقات بہت اچھے ہیں۔ وہ ولی عہد کی تمام پالیسیوں کی حمایت کرتے ہیں۔ ہم سب وطن عزیز، بادشاہ اور ولی عہد کے تابع دار ہیں۔ اس میں کسی کو کسی طرح کا کوئی شک نہیں ہوناچاہئے۔
واضح رہے کہ شہزادہ ولید بن طلال کو سعودی عرب میں کرپٹ عناصر کے خلاف گرینڈ آپریشن کے دوران دیگر کئی شہزادوں کی طرح حراست میں لیا گیا تھا۔ حراست میں لیے جانے کے بعد انتہائی اہم شخصیات کو رٹز ہوٹل منتقل کر دیا گیاتھا۔ گزشتہ ہفتے شہزادہ ولید بن طلال سمیت رٹز ہوٹل میں موجود تمام اہم شخصیات کو رہائی مل گئی تھی ۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد سے 400 ارب ریال کی ریکوری کی گئی تھی ۔تاہم ولید بن طلال نے کسی بھی قسم کی ڈیل کو ماننے سے انکار کیا ہے ۔