اسلام آباد:چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے حسین حقانی کو طلب کرتے ہوئے میمو گیٹ سکینڈل کی سماعت کیلئے 3 رکنی بنچ تشکیل دیدیا ہے جو کہ 8فروری سے کیس کی سماعت کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کیس کی سماعت کریگا جبکہ اس سے قبل اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران میموگیٹ کیس کی فائل طلب کرتے ہوئے ریمارکس دیے تھے کہ ایک ایسے پاکستانی بھی ہیں جو عدالت سے وعدہ کر کے واپس نہیں آئے، حسین حقانی کہاں ہیں، کیا حسین حقانی کو بھی ووٹ ڈالنے کی سہولت ملے گی، کیوں نا انہیں نوٹس کر کے بلا لیں، حسین حقانی پاکستان آکرمیمو گیٹ کا سامنا کریں۔
خیال رہے کہ میمو کمیشن نے پیپلزپارٹی کے دور میں امریکہ میں تعینات پاکستانی سفیر حسین حقانی کو میمو سکینڈل کا ذمہ دار قرار دیا تھا لیکن حسین حقانی وطن واپسی کی یقین دہانی کرا کر امریکہ چلے گئے تھے اور اپنے وعدے سے مکرتے ہوئے آج تک وطن واپس نہیں لوٹے۔